کوئٹہ: پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل، سی پیک اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا عزم، بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر سی پیک سینٹر آف ایکسی لینس، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز اور بلوچستان تھنک ٹینک نیٹ ورک کے اشتراک سے ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا، جس میں مقامی و بین الاقوامی ماہرین نے شرکت کی اور پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوں پر اظہار خیال کیا۔افتتاحی سیشن میں پرو وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر میرویس کاسی نے افتتاحی کلمات پیش کیے جبکہ بی ٹی ٹی این کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر خان نے کلیدی خطاب کیا۔ سیمینار کو دو سیشنز میں تقسیم کیا گیا، جن کی صدارت ڈاکٹر سراج بشیر اور ڈاکٹر اورنگزیب عالمگیر نے کی۔پہلے سیشن میں مقررین نے پاک چین تعلقات میں درپیش چیلنجز، اقتصادی ترقی، تکنیکی تعاون، اعلی تعلیم میں دوطرفہ روابط اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر روشنی ڈالی۔ دوسرے سیشن میں مقررین نے علاقائی استحکام، پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر بات کی۔بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفیظ جمالی اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ سیمینار کے اختتام پر شرکا نے سی پیک اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کے اہداف کو عملی طور پر آگے بڑھانے کا عزم دہرایا۔
