ہزار گنجی ٹرمینل کی غیر قانونی نیلامی کرپشن کی بدترین مثال، عدالتی جنگ لڑیں گے اور احتجاج ہوگا: آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)معروف ٹرانسپورٹرز میر حکمت لہڑی، میر دولت لہڑی ، وحید خان کاکڑ ، میر عبد القادر رئیسانی آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حبیب اللہ خان بادیزئی سیکرٹری جنرل میر اکبر لہڑی ، دیگر عہدیداروں حاجی نصراللہ دہوار ، حاجی موسی جان اچکزئی ، حاجی علی محمد ، حاجی ابراھیم نے کہا ہے کہ کوئٹہ کراچی ہزار گنجی بس ٹرمینل کے اراضی کی غیر قانونی نیلامی کرپشن، بدانتظامی اور لاقانونیت کی بدترین مثال بن چکا ہے۔ جہاں ٹرانسپورٹرز کو دانستہ طور پر اپنے جائز حقوق سے محروم کرکیدیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزار گنجی بس ٹرمینل پر غیرقانونی نیلامی ، من پسند افراد کو نوازنے کا گھنانا کھیل ہے۔ اور ٹرمینل میں عرصہ دراز سے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی منظم سازش ہے۔ انھوں نے کہا۔کہ گمبھیر حالات کے باعث ٹرانسپورٹرز شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ بارہا شکایات اور تحریری درخواستوں کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، جو افسوسناک ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹرز اور آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی اپنے جائز اور قانونی حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی۔ ٹرانسپورٹرز نے ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کیا ہے، مگر بدقسمتی سے انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور غیرقانونی اقدامات کے ذریعے ان کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ٹرانسپورٹرز نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے عدالتی جنگ کے ساتھ ساتھ پرامن احتجاج کا سلسلہ بھی جلد شروع کریں گے۔ اگر متعلقہ حکام نے فوری طور پر ہزار گنجی بس ٹرمینل کی ھونے والی غیر قانونی نیلامی منسوخ نہیں کی۔ تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ انھوں نے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ہزار گنجی بس ٹرمینل کے معاملات کی شفاف انکوائری کرائی جائے، غیرقانونی وصولیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ٹرانسپورٹرز کو ان کے آئینی و قانونی حقوق فراہم کیے جائیں تاکہ ایک منظم، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ٹرانسپورٹ نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
