علی امین گنڈاپور پارٹی سرگرمیوں سے غائب، کبوتر بازی کی ویڈیو وائرل


ڈیرہ اسماعیل خان(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے پارٹی اجلاسوں اور جلسوں سے غیر حاضر ہیں اور پارٹی قیادت سے رابطہ بھی محدود کر دیا ہے۔
علی امین گنڈاپور اس وقت اپنے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں موجود ہیں، جہاں سے ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کبوتر بازی کرتے نظر آ رہے ہیں۔
صارفین ان کی ویڈیو پر مختلف تبصرے کرتے نظر آ رہے ہیں، کامران علی کا کہنا تھا کہ آج پہلی بار معلوم ہوا کہ امیر کبوتر باز خود نہیں بلکہ ان کے لیے کبوتروں کے پیچھے نعرے اور سٹھیاں کوئی اور مارتے ہیں۔


اطلاعات کے مطابق وہ گھڑ سواری اور شکار کے شوقین بھی ہیں اور اس کے علاوہ گھریلو امور میں مصروف ہیں جبکہ پارٹی کے شور شرابے سے فاصلے پر پرسکون وقت گزار رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی کرسی سے ہٹائے جانے کے بعد علی امین گنڈاپور سخت ناراض ہیں اور اس کے بعد سے پارٹی تقریبات میں شرکت نہیں کی۔ وہ آخری بار سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں اسمبلی آئے تھے لیکن امن جرگے میں بھی شامل نہیں ہوئے۔
علی امین گنڈاپور کے مؤقف کے مطابق عمران خان نے انہیں اچانک اور بلا وجہ وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا جس سے انہیں ذاتی اور سیاسی طور پر شرمندگی محسوس ہوئی۔ اس حوالے سے اعلان پارٹی قیادت کی بجائے ایک معمولی وکیل کے ذریعے اڈیالہ جیل سے باہر کیا گیا جس نے ان کی ناراضگی میں اضافہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert