اجلاس میں جھگڑا، خاتون سینیٹر کا علیم خان کو وفاقی وزیر کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ
این ایچ اے میں کرپشن سب کے سامنے ہیں، سوال کرتی رہوں گے اور پارٹی میں بھی اس مسئلے کو اٹھاؤں گی، پلوشہ خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور سینیٹر پلوشہ خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے کیخلاف انتہائی سخت مؤقف اختیار کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات اور سینیٹر پلوشہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ اُس وقت ہوا جب سینیٹر نے وزارت کی کارکردگی اور ایک سڑک سے متعلق سوال پوچھا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا جہاں کے بے ایمان یہاں جمع ہیں۔ انہوں نے پلوشہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمھارے کرتوت سب کے سامنے رکھوں گا، تمھاری مجھ سے ایسے بات کرنے کی جرأت کیسے ہوئی؟
سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ سوال کرنے پر وزیر آگ بگولہ ہوگئے کیونکہ وہ شرمندہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر کے رویہ پر کمیٹی رولنگ دے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہک وفاقی وزیر اگر میری ذات پر بات کرنا چاہتے ہیں تو کریں مگر اس رویے پر رولنگ دی جائے۔
