ایوارڈ نہ جیتنے پر باتھ روم میں جاکر روئی تھی: روبینہ دلیک

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح و اداکارہ روبینہ دلیک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایوارڈ نہ جیتنے پر باتھ روم میں جاکر بےحد روئی تھیں۔
بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ روبینہ دلیک نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ’ایک ایوارڈ شو کے دوران، جب وہ جیت نہیں سکی تھیں تو وہ دل شکستہ ہوکر تقریب کے درمیان میں ہی باتھ روم کی طرف بھاگی اور پھوٹ پھوٹ کر روئیں۔روبینہ دلیک نے کہا کہ وہ ایوارڈ شو میں شرکت کے لیے ’بےحد پُرجوش‘ تھیں اور یہاں تک کہ ایک لباس بھی خریدا تھا اور اپنا ایک خاص ہیئر اسٹائل بھی بنوایا تھا کیونکہ اُنہیں اُمید تھی کہ ایوارڈ وہ ہی جیتیں گی۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے روبینہ دلیک نے کہا کہ ’اس وقت میرا شو ٹاپ پر تھا، اس کی ریٹنگ 5.7 تھی اور میں جانتی تھی کہ میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت جاؤں گی کیونکہ مجھے اپنی محنت اور اپنے کام پر پورا بھروسہ تھا۔‘روبینہ دلیک نے کہا کہ ’تقریب کے دوران جب بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے والی کے نام کا اعلان ہوا تو میں خود پر قابو نہ رکھ سکی، میں فوراََ باتھ روم کی طرف بھاگی اور وہاں جاکر بہت زیادہ روئی۔‘اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اُس ایوارڈ شو کے بعد، میں نے خود سے وعدہ کیا کہ اب مستقبل میں کبھی کسی ایوارڈ شو میں شرکت نہیں کروں گی۔‘
خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔اس کے علاوہ بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح بھی روبینہ دلیک ہی تھیں۔