اسلام آباد: اڈیالہ میں بیٹھ کر بھیک نہ مانگیں، ’جیل بھرو تحریک‘ شروع کریں، 3 ماہ میں یہ بھاگ جائیں گے: جاوید ہاشمی کی قیادت کو بڑی تجویز

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں ’تحفظِ آئین‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے پی ٹی آئی قیادت اور اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر مظلوم بننے اور مذاکرات کی بھیک مانگنے کے بجائے عملی جدوجہد کا راستہ اپنائیں۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ موجودہ حکمران مذاکرات کی زبان نہیں سمجھتے کیونکہ یہ خود کو کالونی کا حاکم سمجھتے ہیں؛ تاریخ گواہ ہے کہ سارے ’بادشاہ‘ انڈیا سے آئے اور انہوں نے اپنا نظام مسلط کیا۔ جاوید ہاشمی نے تجویز دی کہ ملک بھر سے ہر حلقے میں روزانہ 4 سے 5 لوگ گرفتاریاں دیں، اگر یہ ’جیل بھرو تحریک‘ تین ماہ تک منظم انداز میں چل گئی تو انگریزوں کی طرح موجودہ حکمرانوں کو بھی بھاگنا پڑے گا، کیونکہ محض ٹاک شوز اور جلسوں سے آئین بحال نہیں ہوسکتا۔
