کوئٹہ معمولی بارش سے تاریکی میں ڈوب گیا، کیسکو اور صفا پروجیکٹ کے دعوے جھوٹے نکلے، شہری 24 گھنٹے بجلی سے محروم رہے: پشتونخوا میپ

اربوں کی کرپشن نے بلدیاتی ادارے تباہ کردیے، فارم 47 والے الیکشن سے خوفزدہ ہیں، 28 دسمبر کو ’درخت‘ پر مہر لگائیں: شراف آغا، کبیر افغان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ناقص نظام کے باعث بارانی رحمت عوام کے لیے زحمت بن گیا۔ کوئٹہ شہر میں معمولی بارش کے بعد پورا شہر تاریکی میں ڈوب گیا،کیسکو کی ناقص انتظامات، نااہلی کے باعث 24گھنٹے تک شہری بجلی سے محروم رہے، میٹروپولیٹن کاروپوریشن اور صفا پروجیکٹ کے صفائی کے نظام کی بہتری کے دعوے بھی اشکارہ ہوچکے جس کے باعث شہری شدید مشکلا ت سے دوچار ہیں۔ اربوں روپے کے کرپشن نے نہ صرف بلدیاتی اداروں کو تباہ کیا بلکہ کوئٹہ شہر کے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کی سازشیں اس لیئے کی جارہی ہے تاکہ جاری کرپشن وکمیشن کو مزید دوام دیکر بلدیاتی نظام کا ہی خاتمہ کیا جائے۔ عوام اس سازش میں سرگرم جماعتوں اور افراد کو پہچان چکے ہیں جنہوں نے کوئٹہ کو مسلسل بلدیاتی انتخابات سے محروم رکھا۔ 28دسمبر 2025کو عوام پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لیے انتخابی نشان ”درخت“ پر مہر لگائیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حضر ت عمر ایڈووکیٹ، صوبائی لیبرسیکرٹری حبیب الرحمن بازئی، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار ادریس بڑیچ،نظام عسکر، ضلع سینئر معاونین سعید خان کاکڑ، جمشید دوتانی، نصیر احمد کاکڑ، ضلعی اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ،آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی، ضلع ایگزیکٹیوزوضلع کمیٹی کے اراکین،تحصیل صدر کے سیکرٹری نعیم پیر علیزئی، سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی، تحصیل کچلاک سیکرٹری ملک نادر کاکڑ، سینئر معاون سیکرٹری رحمت ناصر، سٹی تحصیل سیکرٹری، سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان، تحصیل سریاب کے سیکرٹری نیاز بڑیچ، سینئر معاون سیکرٹری سید عبدالخالق آغا اورضلع کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدواروں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات، انتخابی دفاتر کے افتتاحی تقریب، کارنر میٹنگز، تنظیمی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لیے 28دسمبر کو اپناقیمتی ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے جمہوری حق رائے دہی کے ذریعے اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب عمل میں لائے تاکہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے یہ حقیقی نمائندے بلدیاتی اداروں کی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل کے حل کی پہلی سیڑھی کے مترادف ہے جہاں سے وارڈ کی سطح علاقے کا منتخب کونسلر جو کہ اپنے علاقے /وارڈ میں عوام کے مسائل سے باخبر ہوتا ہے وہ ان کو اجاگر کرنے اور حل کرنے کے لیے تگ ودو کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے عوام کے مسائل سے بے خبر اورکوئٹہ شہر پر مسلط فارم47کے نمائندے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات میں روڑے اٹکاکر انتخابات کو پیچھے اس لیے دھکیلنے میں مصروف ہیں تاکہ اپنی جعلی ایم پی اے شپ کے ذریعے جاری کرپشن وکمیشن کو برقرار رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے عاری قوتیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹیں حائل کررہی ہیں ان قوتوں کا احتساب ضلع کوئٹہ کے 30لاکھ سے زائد عوام کا جمہوری حق ہے کیونکہ یہی قوتیں عوام کے حقوق کو غصب کرنے اور عوام کو اپنے آئینی، قانونی، بنیادی انسانی حقوق سے محروم کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ شہر کے تاریکی سے نجات دلانے کے لیے کیسکو انتظامیہ اقدامات اٹھائیں جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر اور صفا پروجیکٹ انتظامیہ شہر میں صفائی کے نظام کی بہتری، نالیوں کی صفائی، کچروں کے ڈھیر کو ٹھکانے لگانے، بند سیوریج کو کھول کر سڑکوں پر جمع نالی کا گندے پانی کو ختم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

WhatsApp
Get Alert