اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اعلان ملک گیر ہڑتال، یوم سیاہ منانے کا فیصلہ
صاف شفاف الیکشن، سیاسی اسیران کی رہائی اور عدلیہ کی آزادی کے مطالبات پیش، پیکا قانون اور میڈیا قدغنیں مسترد

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے منعقدہ دو روزہ قومی مشاورتی کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیہ میں 8 فروری 2026 کو ملک گیر پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، جس دن کو ناجائز نظام کی بنیاد رکھے جانے پر یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے سیاسی و سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی اور متفقہ اعلامیہ جاری کیا۔
کانفرنس کے اعلامیہ میں مطالبات پیش کیے گئے کہ 8 فروری 2024 کے الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرائی جائیں اور نئے غیر جانبدار چیف الیکشن کمشنر کے زیر نگرانی فوری شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ عدلیہ کی آزادی کے لیے 26 ویں اور 27 ویں ترمیم کو مسترد کرتے ہوئے 1973 کے آئین کے مطابق عدلیہ کی بحالی اور جسٹس طارق جہانگیری سمیت دیگر ججز کے خلاف کارروائی کی مذمت کی گئی۔
اعلامیہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر سیاسی اسیران بشمول شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، علی وزیر اور ماہ رنگ بلوچ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ کانفرنس نے پیکا قانون کو کالعدم قرار دینے اور میڈیا پر قدغنوں کی مذمت کی۔ اس کے علاوہ غزہ امن فورس میں فوج کی شمولیت پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے، صوبوں کے معدنی وسائل پر حق تسلیم کرنے اور طلبہ یونینز کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔ تحریک نے عوام کو متحرک کرنے کے لیے مرکزی اور ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔
