بلوچستان میں بڑی تباہی کی سازش ناکام، سیکورٹی فورسز نے 2 خواتین خودکش بمبار اور سہولت کار گرفتار کرلیے
فتنہ الخوارج کا سرگرم رکن فرید عرف زگرین گرفتار، دوران تفتیش اہم انکشافات، حب اور کیچ سے نیٹ ورک بے نقاب

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)سیکورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے خودکش حملے کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں بچا لی گئیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندستان سے وابستہ ایک سہولت کار نے خاتون خودکش بمبار کو تیار کر کے اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی سازش تیار کر رکھی تھی۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ بلوچستان کا رہائشی فرید ولد اعجاز عرف زگرین فتنہ الہندستان کا سرگرم سہولت کار تھا، جس نے خیرالنسا نامی خاتون کو خودکش بمبار کے طور پر تیار کیا۔ خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور کارروائی کرتے ہوئے فرید عرف زگرین کو گرفتار کر لیا۔دورانِ تفتیش فرید نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ خودکش بمبار خاتون خیرالنسا ولد عبدالوحید اس وقت ضلع حب میں اپنے چچا جاوید کے گھر پر موجود ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد خصوصی ٹیمیں فوری طور پر حب روانہ ہوئیں، جہاں کامیاب کارروائی کے دوران خودکش بمبار خیرالنسا کو گرفتار کر لیا گیا۔کارروائی کے دوران ایک اور سہولت کار خاتون ہانی زوجہ عبدالعزیز، سکنہ تیجابان ضلع کیچ بلوچستان کو بھی حراست میں لے لیا گیا، جو خودکش بمبار کو سہولت فراہم کر رہی تھی۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق دونوں گرفتار خواتین کو مزید تفتیش کے لیے ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑا سانحہ ٹل گیا اور دشمن عناصر کی ریاست مخالف سازش ناکام بنا دی گئی۔ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
