ایشیا کپ میں بھارت کو شکست: شاہینوں کی کارکردگی مثالی، نوجوان کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا: سرفراز بگٹی
باؤلنگ اور بیٹنگ میں واضح برتری ثابت کی، یہ فتح روشن مستقبل کی عکاس ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان کی انڈر 19 ٹیم کو مبارکباد

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار اور فیصلہ کن فتح پر پاکستانی شاہینوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے فائنل جیسے اہم مقابلے میں بلے بازی اور گیند بازی دونوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت پر مکمل اور واضح برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ شاہینوں کی منظم باؤلنگ نے بھارتی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کر دیا جبکہ بلے بازوں نے اعتماد اور مہارت کے ساتھ کھیلتے ہوئے میچ کو یکطرفہ بنا دیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے بلند عزم، سخت محنت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ فتح و نصرت ہمیشہ انہی ٹیموں اور قوموں کا مقدر بنتی ہے جو حوصلے، خود اعتمادی اور قومی جذبے کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم، قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ ملک میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بھی عکاس ہے۔
