لسبیلہ میں گردے کے امراض میں ہوشربا اضافہ، ڈائلیسس کی سہولت نہ ہونے سے زندگیاں خطرے میں
بیلا یا اوتھل میں جدید یونٹ قائم کیا جائے، مہنگے علاج اور طویل سفر سے نجات دلائیں: عوامی حلقوں کا جام کمال سے مطالبہ

بیلا (ڈیلی قدرت کوئٹہ)ضلع لسبیلا میں گردے کے مریضوں کی تعداد میں حد درجہ اضافہ تشویشناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گردوں کے امراض میں تیزی سے اضافہ صحتِ عامہ کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے، جبکہ ضلع کے سرکاری اسپتالوں میں ڈائلیسس جیسی بنیادی سہولت موجود نہیں ہے۔عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان عالیانی اور ایم پی اے لسبیلا نواب زادہ میر زرین کا مگسی سے مطالبہ کیا ہے کہ سول اسپتال بیلا یا اوتھل میں جدید ڈائلیسس یونٹ قائم کیا جائے تاکہ لسبیلا کے مریضوں کو دیگر شہروں کے مہنگے علاج اور طویل سفر سے نجات مل سکے۔ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ بروقت سہولت کی عدم دستیابی کی وجہ سے قیمتی جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں اور اس اہم معاملے پر فوری توجہ اور اقدامات کی ضرورت ہے۔
