پاک افغان کشیدگی سے تاجروں کو اربوں کا نقصان، 4 ہزار پاکستانی افغانستان میں پھنس گئے

پشتون قومی جرگہ کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا، جام کمال اور ایس آئی ایف سی حکام سے ملاقاتیں، واپسی کا مطالبہ


چمن (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث سرحد کی بندش سے تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ سینکڑوں پاکستانی تاجر اور کارکن افغانستان میں پھنسے ہوئے ہیں۔چمن میں پشتون قومی جرگہ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو افغانستان میں پھنسے دو ہزار پاکستانی تاجروں اور کارکنوں کی فہرست پیش کی گئی۔ اس سلسلے میں تاجروں کا ایک وفد اسلام آباد کے دورے پر ہے جہاں انہوں نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت رانا احسان اور ایس آئی ایف سی کے حکام سے ملاقاتیں کیں اور سرحد کی بندش سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا۔پشتون قومی جرگہ کے وفد کے مطابق چار ہزار سے زائد تاجر اور کارکن افغانستان میں پھنسے ہوئے ہیں جن میں صرف چمن کے نہیں بلکہ پنجاب اور دیگر شہروں کے بھی لوگ شامل ہیں۔ کوئٹہ ڈویژن کے سینئر اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ یہ فہرست پیش کر دی گئی ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ تاجروں اور کارکنوں کو مشکلات سے نکالنے کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

WhatsApp
Get Alert