کوئٹہ کے عوام کو حق حکمرانی سے محروم کیا جا رہا ہے، حکومت بلدیاتی الیکشن سے خوفزدہ ہے: قادر علی نائل

انتخابات کے التواء کے خلاف عدالت میں اپیل دائر کردی، عوامی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے: ایچ ڈی پی کی پریس کانفرنس


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قادر علی نائل نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے عوام کو ایک مرتبہ پھر حق حکمرانی سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پارٹی کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، لیکن حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے سے خوفزدہ ہے اور اس وجہ سے انتخابات کو ملتوی کیا جا رہا ہے۔قادر نائل نے کہا کہ 2022 میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کی گئی تھی اور اس دوران شہر کی اربنائزیشن کے لیے یونین کونسلرز کے قیام کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایک نرسری کی مانند ہے جہاں سے سیاسی کارکن اپنی تربیت حاصل کرتے ہیں اور تجربہ حاصل کر کے آئندہ کے سیاسی کردار کے لیے تیار ہوتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی کو فخر ہے کہ خواتین کو ڈائریکٹ الیکشن لڑنے کا موقع دیا گیا، جس سے سیاسی شمولیت میں اضافہ ہوا اور خواتین کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع ملا۔ قادر نائل نے کہا کہ فنڈز کی تقسیم کا کام لوکل گورنمنٹ کا ہے، جبکہ اسمبلی ممبران کا کام قانون سازی اور پالیسی سازی تک محدود ہے۔انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کا اقدام عوام کے جمہوری حق کی خلاف ورزی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف اور غیر یقینی کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل، سہولیات اور بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے مقامی انتخابات کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔قادر نائل نے بتایا کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کے خلاف عدالت میں اپیل دائر کر دی ہے تاکہ عوام کو ان کا جائز حق حکمرانی بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندگی اور مقامی ترقی کے لیے پارٹی اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی اور کسی بھی سیاسی دبا یا غیر جمہوری اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔پریس کانفرنس میں پارٹی کے دیگر مرکزی کونسل ممبران بتول سیما، ناظر لطیف، مجتبی زاہد، عاطیفہ صادق، داد چنگیزی اور ڈاکٹر سخی کے علاوہ ضلعی صدر بھی موجود تھے، جنہوں نے بلدیاتی انتخابات کی اہمیت پر زور دیا اور عوامی نمائندگی کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔قادر نائل نے اختتام میں کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کے جائز مطالبات کا احترام کرے، بلدیاتی انتخابات کو ملتوی نہ کرے اور عوامی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائے تاکہ کوئٹہ کے شہری بلا خوف و خطر اپنے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں اور مقامی سطح پر ترقیاتی منصوبے بروئے کار لائے جا سکیں۔

WhatsApp
Get Alert