پی ٹی آئی اگر مذاکرات کے لیے تیار ہے تو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت بھی تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں کہا ہے کہ حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے بھی تیار ہے، اگر پی ٹی آئی جائز مذاکرات کے لیے آگے آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ نہیں چل سکتی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کا دن ہے اور اس کے لیے متعلقہ حکام اور کابینہ ارکان نے بڑی محنت اور عرق ریزی سے کام کیا ہے۔ انہوں نے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہا اور بتایا کہ نجکاری کے لیے لفافوں میں بولیاں موصول ہو گئی ہیں۔ بولی کا عمل براہِ راست دکھایا جا رہا ہے، جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ شفاف بولی سے معاملات بہتر ہوں گے اور پی آئی اے کی نجکاری طے شدہ ضوابط کے مطابق شفاف طریقے سے ہو رہی ہے تاکہ قومی کیریئر کی بحالی اور مالی استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے انڈر 19 ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ٹیم اس کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے، اور ایسے کھیل کے مظاہرے پرانے وقتوں کی یاد تازہ کرتے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان بھی کیا گیا، جسے وزیراعظم نے پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ عزت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں اور حکومت پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دے چکی ہے، اسمبلی کے فلور سے بھی یہ دعوت دی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert