ملک دیوالیہ ہوچکا، سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی
کراچی(قدرت روزنامہ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ ملک بڑا اچھا چل رہا ہے، ہم نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے اور ہم تبدیلی لے آئے، یہ سب غلط ہے، میرے حساب سے ملک دیوالیہ ہوچکا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب میں شبر زیدی کا کہنا تھاکہ ہم کہتے رہے ہیں کہ بہت اچھا ہے، بڑی اچھی چیزیں ہیں اور ملک بڑا اچھا چل رہا ہے، ہم نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے اور تبدیلی لے آئے ہم مگر یہ سب غلط ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ میری رائے کے مطابق اس وقت ملک دیوالیہ ہوچکا، اکاؤنٹنگ کی اصطلاح میں ملک دیوالیہ ہوچکا۔
شبر زیدی کا کہنا تھاکہ جب آپ یہ طے کرلیں کہ ہم دیوالیہ ہوچکے ہیں اور اس سے آگے ہمیں چلنا ہے، یہ زیادہ بہتر ہے بہ نسبت اس کے کہ آپ کہیں کہ ملک اچھا چل رہا ہے، میں یہ کردوں گا، میں وہ کردوں گا، یہ سب لوگوں کو دھوکا دینے والی باتیں ہیں۔ واضح رہے کہ شبر زیدی وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں 10 مئی 2019 سے 8اپریل 2020تک چیئرمین ایف بی آر رہے۔