پی آئی اے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایم او یو: عارف حبیب اور محسن نقوی کی دلچسپ گفتگو

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے خریدار عارف حبیب کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن اور پاکستان کرکٹ ٹیم دونوں ایک ساتھ بلندیاں حاصل کریں گے۔
نجکاری کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے آخر میں مبارکبادیں وصول کرنے کے دوران عارف حبیب نے پاس کھڑے وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی طرف دیکھتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ قومی ایئرلائن اور پاکستان کرکٹ ٹیم دونوں ہی بہت ترقی کریں گے۔
اس پر محسن نقوی نے بھی کہا کہ پہلی مفاہمتی یادداشت پی آئی اے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے مابین طے پائے گی۔
قریب ہی کھڑے ایک صاحب نے لقمہ دیا کہ اور دوسرا ایم او یو وزارت داخلہ کے ساتھ ہوگا جس پر محسن نقوی نے کہا کہ ہم تو پہلے ہی ساتھ ہیں۔
اس موقع پر محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آج صرف پاکستان کی جیت ہوئی ہے، ہم سب آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں، امید ہے پی آئی اے کا نیا سفر شروع ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل ہونے پر میں وزیراعظم، مشیر نجکاری اور دیگر حکام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ آج ہونے والی بولی میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
