جنگ اور کھیل کے میدان میں بھارت کو نشان عبرت بنانے والے 2 حافظ قران کی ملاقات! فیلڈ مارشل سے سرفراز کی ملاقات نے سب کو چونکا دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ انڈر‑19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے بعد ایک خاص پیغام شیئر کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی ہے۔
مایہ ناز سرفراز احمد نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ انڈر‑19 ٹیم کے ساتھ جنرل ہیڈ کوارٹرز میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
سرفراز نے تصویر کے ساتھ جو کیپشن لکھا وہ فوجی رپورٹ کی طرز میں تھا جس میں انہوں نے فیلڈ مارشل سے مخاطب ہو کر کہا کہ السلام علیکم سر، سرفراز احمد رپورٹ کر رہا ہوں۔ مشن مکمل ہو گیا۔

یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی اور صارفین نے سرفراز کی قیادت اور نوجوان کھلاڑیوں میں نظم و ضبط پیدا کرنے کی صلاحیت کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سے ملاقات پاکستان کی انڈر‑19 ٹیم کی ایشیا کپ میں تاریخی فتح کے بعد ہوئی جہاں پاکستان نے فائنل میں روایتی حریف ہندوستان کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جسے مستقبل کے پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔
ملاقات سے قبل نوجوان چیمپئنز کو وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خوش آمدید کہا اور ان کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
سرفراز احمد کو مینٹور بننے کے بعد سے ٹیم کے مورال کو مضبوط کرنے کا سہرا دیا جا رہا ہے اور مبصرین کا ماننا ہے کہ جی ایچ کیو کا دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قومی جذبے اور عزم کی علامت بھی رہا۔
