مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد، تمام مذاہب کے تہواروں کا احترام جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

مذہبی رواداری اور امن کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں، بالادستی کی مخالفت جاری رکھیں گے: مرکزی سیکرٹریٹ کا بیان


کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں دنیا بھر، پاکستان اور خصوصا پشتونخوا وطن میں رہنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کے خوشی کے تہوار کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پارٹی مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کرسمس کے موقع پر امن، اخوت، بھائی چارہ اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرنا ہر انسان کی ذمہ داری ہے۔ پارٹی عالمِ انسانیت کے تمام مذہبی، معاشرتی، قومی اور ملکی تہواروں اور خوشیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دنیا کے تمام جمہوری ممالک اور جمہوری قوتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے تہواروں کا احترام کریں اور استعماری و استحصالی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ وہ ہر قسم کی بالادستی، چاہے وہ قوم کی جانب سے قوم پر ہو یا فرد کی جانب سے فرد پر، کی ہمیشہ مخالفت کرتی رہی ہے۔بیان کے آخر میں پارٹی نے امید ظاہر کی کہ کرسمس کے موقع پر پوری دنیا میں امن، انسانی محبت اور رواداری کے فروغ کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا جائے گا، اور تمام دنیا، پاکستان اور پشتونخوا وطن میں رہنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

WhatsApp
Get Alert