سریاب کی ترقی اولین ترجیح ہے، عوام کو مایوس نہیں کروں گا: نوابزادہ جمال رئیسانی
پانی، گیس اور صحت کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی، مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے: وفود سے گفتگو

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ سریاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ حلقے کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں چھوڑیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سراوان ہاس کوئٹہ میں اپنے حلقے سے آئے ہوئے معززین اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران علاقے کے معززین نے نوابزادہ جمال خان رئیسانی کو حلقے میں درپیش دیرینہ مسائل، بالخصوص پینے کے صاف پانی، گیس پریشر اور صحت کی سہولیات سے متعلق آگاہ کیا۔ نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے وفد کے مسائل کو غور سے سنا اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے اور عملی اقدامات کی یقینی دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ “سریاب میرا اپنا حلقہ ہے، یہاں کے عوام نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، میں اس پر پورا اتروں گا اور انہیں کبھی مایوس نہیں کروں گا۔انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ سریاب میں صاف پانی کی فراہمی، صحت کی جدید سہولیات اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے متعدد منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔نوابزادہ جمال رئیسانی نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہمارا مقصد صرف وعدے کرنا نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق کو ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ معززینِ علاقہ نے نوابزادہ جمال رئیسانی کی عوامی دلچسپی اور حلقے کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
