حکمرانوں نے ملک کو تختہ مشق بنا دیا، اشرافیہ محفوظ اور عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں: حافظ حمداللہ
ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت ہے: مرکزی رہنما جے یو آئی

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ ملک کو ہر نئے مسلط ہونے والے حکمران نے اپنے ذاتی مزاج اور مفادات کے مطابق تختہ مشق بنایا، جس کے نتیجے میں قومی وسائل بے دریغ برباد ہوئے اور پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دبتا چلا گیا، غلط پالیسیوں، غیر جمہوری فیصلوں اور ناقص حکمرانی نے عوام کو شدید معاشی مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ اشرافیہ ہمیشہ ہر بحران میں محفوظ رہی۔ تفصیلات کے مطابق مولانا حافظ حمد اللہ نے کوئٹہ میں مختلف عوامی اور تنظیمی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کسی ایک دور یا حکومت کا نتیجہ نہیں بلکہ برسوں سے جاری غلط فیصلوں اور غیر آئینی اقدامات کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آج مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے افراد عوامی مشکلات سے لاتعلق نظر آتے ہیں۔ مولانا حافظ حمد اللہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل آئین و قانون کی بالادستی، حقیقی جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کے احترام میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک فیصلے عوام کی مرضی کے مطابق نہیں ہوں گے اور ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام نہیں کریں گے اس وقت تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ملک میں ایک منصفانہ، خود مختار اور عوام دوست نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جس میں قومی وسائل کو اشرافیہ کے بجائے عام عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی سیاست کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مستحکم، خوشحال اور خود مختار پاکستان کی بنیاد رکھنا ہے۔ آخر میں انہوں نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
