مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کا بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 149ویں یوم پیدائش پر قوم کے نام پیغام

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 149ویں یوم پیدائش کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عظیم قائد کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے جاری کردہ پیغام میں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد، اصول پسندی اور ناقابل تسخیر قیادت کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔ آج کا دن ہمیں اس عہد کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم اپنے وطن کو قائد اعظم کے فرمودات اور افکار کی روشنی میں ایک مضبوط، منصفانہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا خواب ایسا پاکستان تھا جہاں قانون کی بالادستی ہو، عدل و انصاف ہر فرد کو میسر ہو اور رنگ، نسل، زبان، مذہب یا فرقے کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیاز نہ برتا جائے۔ اس خواب کی تکمیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مینا مجید بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ بالخصوص نوجوان نسل کو قائد اعظم کی زندگی، نظریات اور جدوجہد سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے پاکستان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو نظم و ضبط، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کیا جا سکتا ہے۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سب مل کر قائد اعظم کے پاکستان کو ایک باوقار، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
