حکومت قومی اثاثے بیچ کر ملک کو دیوالیہ کر رہی ہے: مسلط کردہ حکمران سویلین اتھارٹی ختم کرچکے ہیں، قومی اداروں کی نیلامی ملک دشمنی ہے: پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں نااہل ، ناکام اور فارم 47کے ذریعے زر وزور کے مسلط حکومت کی جانب سے مسلسل عوام کی جائیدادوں کی نیلامی /فروخت پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی گورنمنٹ کی جانب سے قومی ، ملکی اثاثوں کے اونے پونے داموں فروخت کے عمل کو مسترد کرتی ہے اور ملک کے عوام پر یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ پی آئی اے کے موجودہ مسافر جہازوں کی مالیت ایک اندازے کے مطابق 1600ارب سے زیادہ ہے ۔اور PIAکی ملک سے باہر جتنی بھی جائیدادیں ہیں وہ اربوں ڈالر کے ہیں ۔ لیکن پی آئی اے کی موجودہ نیلامی اور فروخت 135ارب میں کردی گئی ہے ۔ پارٹی حکومت کے اس عمل کو ملک اور عوام دشمنی سے تعبیر کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے پہلے پی ٹی سی ایل (PTCL)اور اب پی آئی اے کو فروخت کیا گیا اور ساتھ ہی ملک کے دیگر اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ حکومت کا یہ سارا عمل جس میں پی ٹی سی ایل ، پی آئی اے ، سٹیل مل کراچی ، پاکستان ریلوے اور دیگر ملکی ،قومی ،عوامی اثاثوں کے فروخت میں مشغول ہیں اور آخر کار ایک وقت آئے گا کہ حکومت کے پاس ادارے نہیں ہوں گے اور نہ ہی حکومتی آمدن کے ذرائع موجود ہوں گے۔ پہلے سے دیوالیہ پن کے قریب پہنچنے والے ملک کو مزید معاشی دھدل میں پھنسایا جارہا ہے ۔ ملکی قومی زرعی ، صنعتی پیداوار اور آمدنی مسلسل گٹھ رہی ہیں اور تجارتی خسارہ بہت زیادہ بڑھتاجارہا ہے جس کے منفی اثرات ملک کے طول وعرض میں عوام محسوس کررہے ہیں اور صرف یہی نہیں گورنمنٹ کے سیاسی عدم استحکام نے ملک کے دیگر بحرانوں کی طرح معاشی بحران بھی گہرا ہوتا جارہا ہے ۔ اور کرائے کے زر وزور کی مسلط حکومت یا حکومتوں سے اس کا تدارک ممکن نہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی آئین کی پائمالی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی کی دھجیاں اڑائی گئی ہے اور بحران شدید سے شدید تر ہوتے جارہے ہیں ۔ سویلین اتھارٹی ختم کردی گئی ہے اور مسلط لوگوں کو کہا اور طعنہ دیا جارہا کہ آپ عوام کی ووٹ سے نہیں بلکہ ہمارے زروزور سے اقتدار پر براجمان ہیں۔ ملک میں جاری ہتھک آمیز عمل بربادی کے سوا کچھ نہیں اور اسے روکنا ملک کی تمام سیاسی جمہوری قوم اوروطن دوست پارٹیوں جمہوریت پسند قوتوں کی ذمہ داری ہے ۔ ذمہ نہ نبھانے کی صورت میں ملک کے سنگین اور خراب صورتحال کی ذمہ ان قوتوں پر عائد ہوگی جو اس وقت مجرمانہ خاموشی اپنائے ہوئے ہیں۔
