حکومت بلوچستان کا بڑا فیصلہ، کنٹریکٹ اور ایڈہاک ڈاکٹرز کی تعیناتیاں ختم کرنے کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

گریڈ 17 اور 18 کے بی پی ایس سی سے تعینات ہوں گے: محکمہ صحت کا حکم نامہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) حکومت بلوچستان نے محکمہ صحت میں انتظامی امور کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کنٹریکٹ اور ایڈہاک بنیادوں پر تعینات ڈاکٹرز کی تعیناتیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انڈر سیکرٹری محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 اور 18 میں کام کرنے والے اسسٹنٹ پروفیسرز، سینئر رجسٹرارز اور اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کنٹریکٹ ملازمتیں ختم ہوں گی۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن (BPSC) کے ذریعے منتخب ہونے والے ریگولر افسران کی تعیناتی کے ساتھ ہی اس آسامی پر موجود کنٹریکٹ ملازم کی سروس خودبخود ختم تصور ہوگی۔ محکمہ صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی تمام کنٹریکٹ تعیناتیاں ریگولر پوسٹنگ پر ختم سمجھی جائیں گی، تاہم اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کے ساتھ ہمدردانہ ایڈجسٹمنٹ پر غور کیا جائے گا، احکامات پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert