بلوچستان میں مضر صحت خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن، دکی میں 15 مراکز پر جرمانے، کوئٹہ سمیت 4 اضلاع میں کارروائیاں

ملاوٹی دودھ، زائد المعیاد اشیاء اور ممنوعہ چائنیز نمک ضبط، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی: فوڈ اتھارٹی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ ترجمان اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ، پنجگور، دالبندین اور دکی میں فوڈ بزنس آپریٹرز کے مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور دودھ سمیت دیگر اشیا خوردونوش کی کوالٹی ٹیسٹنگ کی گئی۔دکی میں ملاوٹی دودھ، ناقص بیکری مصنوعات اور غیر معیاری خوراک کے خلاف خصوصی کریک ڈان کے دوران 15 مراکز مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائی کے دوران 2 میٹ شاپس، 4 دودھ فروش، 2 بیکنگ یونٹس، 4 جنرل اسٹورز اور 3 ہوٹلوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔قبل ازیں دودھ کے معیار کی جانچ کے لیے خصوصی مہم کے دوران متعدد ملک شاپس سے نمونے لیے گئے، جن میں پانی اور خشک پاڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ ہوٹلوں اور بیکنگ یونٹس میں ایس او پیز کی خلاف ورزی جبکہ جنرل اسٹورز سے زائد المعیاد مصالحے، بسکٹ، جوس، کولڈ ڈرنکس، بچوں کی خوراک اور پابندی شدہ چائنیز نمک و پان پراگ گٹکا برآمد کر کے ضبط اور تلف کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ ناقص و مضر صحت خوراک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر معیاری خوراک کی نشاندہی کے لیے اتھارٹی سے تعاون کریں تاکہ صحت عامہ کا مثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert