ایف آئی اے کی کارروائیاں، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 8 ملزمان گرفتار، لاکھوں کی کرنسی برآمد

گوادر سے ایران جانے کی کوشش میں 257 افراد دھر لیے گئے، 34 غیر ملکی بھی شامل: حکام


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ایف آئی اے بلوچستان زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں عزیز اللہ، حضرت ولی، زین اللہ، مولا داد، عبدالروف، محمد اشرف، عبید اللہ اور عبادالہادی شامل ہیں۔ ملزمان طویل عرصے سے بغیر لائسنس غیر قانونی طور پر کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی کرنسی کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے بلوچستان زون کے مطابق غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے دسمبر 2025کے دوران بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے میں ملوث 257 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد مختلف کشتیوں اور راستوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 34 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن کے سفری دستاویزات اور دیگر ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی کشتیاں اور دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

WhatsApp
Get Alert