بلوچستان پولیس کے شہداء اور زخمیوں کیلئے مالی امداد میں بڑا اضافہ ‘ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، انکے بچوں کا ہم پر حق ہے: آئی جی محمد طاہر کا تاریخی اعلان

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے بلوچستان پولیس کے شہدا اور زخمی اہلکاروں کے مالی امدادی پیکیج میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شہدا کے خاندانوں کے لیے مالی معاونت 1 لاکھ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔آئی جی پولیس نے کہا کہ دوران ڈیوٹی شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کو 10 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ معمولی زخمی اہلکار کو 5 ہزار کی بجائے 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔شہدا کی تدفین کے لیے مالی معاونت کو 40 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کر دیا گیا ہے اور صوبے سے باہر میت لے جانے پر 50 ہزار کی بجائے اب 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔پولیس ملازمین کی شادی کے لیے مالی معاونت 12 ہزار 500 سے بڑھا کر 50 ہزار روپے اور شہدا و فوت شدہ اہلکاروں کی بیٹیوں کی شادی کے لیے امدادی رقم 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔گریڈ 1 تا 11 کے فوت ہونے والے ملازمین کی بیواں کو 12 ہزار، گریڈ 12 تا 15 کے لیے 14 ہزار، گریڈ 16 تا 17 کے لیے 16 ہزار اور گریڈ 18 کے لیے 20 ہزار روپے مالی معاونت دی جائے گی۔محمد طاہر نے کہا کہ شہدا، ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے بچوں کا ہم پر حق ہے، شہدا نے جو قربانی دی ہے وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔
