چاندی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اسپاٹ سونا 0.6 فیصد اضافے سے 4,504.79 امریکی ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا


کراچی (قدرت روزنامہ)سونے، چاندی اور پلاٹینم کی قیمتیں جمعہ کو اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں کیونکہ سال کے اختتام پر مارکیٹ میں سرمائے کی کمی ، سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی، امریکی شرح سود میں مزید کٹوتیوں کی توقعات اور بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل (جغرافیائی و سیاسی) کشیدگی نے قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کو بڑھادی ہیں۔
اسپاٹ سونا 0.6 فیصد اضافہ کے ساتھ 4,504.79 امریکی ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جب کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ 4,530.60 امریکی ڈالر کی سطح چھوچکی تھی، اسی طرح فروری کی ترسیل کے لیے امریکی سونے کے سودے 0.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4,535.20 ڈالر پر بند ہوئے۔
دوسری جانب اسپاٹ چاندی 3.6 فیصد اضافے کے ساتھ 74.56 امریکی ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی، جب کہ اس سے قبل یہ 75.14 امریکی ڈالر کے ریکارڈ بلند ترین سطح تک جا پہنچی تھی۔
سینئر مارکیٹ تجزیہ کار کیلون وونگ کا کہنا ہے کہ کہ دسمبر کے آغاز سے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کو مارکیٹ کے رجحان اور قیاس آرائی کرنے والے سرمایہ کاروں نے تقویت دی ہے۔ سال کے اختتام پر مارکیٹ میں سرمائے کی کمی ، امریکہ میں شرح سود میں طویل المدتی کٹوتیوں کی توقعات، کمزور ڈالر اور جغرافیائی و سیاسی خطرات میں اچانک اضافے نے مل کر قیمتی دھاتوں کو نئی ریکارڈ بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2026 کی پہلی ششماہی کے حوالے سے دیکھا جائے تو سونا 5,000 ڈالر کی سطح کی طرف بڑھ سکتا ہے جبکہ چاندی میں 90 ڈالر کے قریب پہنچنے کی صلاحیت موجود ہے۔
اس سال سونے نے زبردست تیزی دکھائی دکھائی اور 1979 کے بعد اپنی سب سے بڑی سالانہ بڑھوتری ریکارڈ کی، جس کی وجہ فیڈرل ریزرو کی پالیسی میں نرمی، جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، مضبوط مرکزی بینک کی طلب، بڑھتی ہوئی ای ٹی ٰایف ہولڈنگز اور جاری ڈی-ڈالرائزیشن ہے۔
چاندی نے سال کے آغاز سے اب تک 158 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا، جو سونے کے تقریباً 72 فیصد کے اضافے سے بھی زیادہ ہے، جس کی وجوہات میں ساختی خسارے، اسے امریکی اہم معدنیات کے طور پر درج کرنا اور مضبوط صنعتی طلب شامل ہیں۔
اسپاٹ پلاٹینم 7.8 فیصد اضافے کے ساتھ 2,393.40 امریکی ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جب کہ اس سے قبل یہ 2,429.98 امریکی ڈالر کے ریکارڈ بلند ترین سطح تک جا چکا تھا، جبکہ پیلاڈیم 5.2 فیصد اضافے کے ساتھ 1,771.14 امریکی ڈالر پر پہنچ گیا۔
تمام قیمتی دھاتیں ہفتہ وار منافع کی جانب گامزن ہیں۔

WhatsApp
Get Alert