سعودی اقامہ ہولڈرز کیلئے پریشان کن خبر آگئی


رىاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے اقامہ، ملازمت اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انتظامی کمیٹیوں نے ایک ماہ کے دوران جمادی الاخر 1447 کے عرصے میں مجموعی طور پر 17 ہزار 767 فیصلے جاری کیے ہیں، جن میں مختلف نوعیت کی سزائیں شامل ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس کے مطابق ان کارروائیوں میں سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں دونوں کو قانون کے دائرے میں لایا گیا ہے، فیصلوں میں قید، مالی جرمانے اور مملکت سے بے دخلی جیسی سزائیں شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افراد کو مملکت کے قوانین کی مکمل پابندی کرنا ہو گی۔
بیان میں سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اقامہ، ویزا یا ملازمت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو کسی بھی قسم کی مدد فراہم نہ کریں۔
حکام کے مطابق کسی غیر قانونی فرد کو رہائش، ملازمت، ٹرانسپورٹ یا کسی اور سہولت کی فراہمی قانوناً جرم ہے اور اس پر سخت سزائیں مقرر ہیں ، اسی دوران سیکیورٹی اداروں نے 40 ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو سعودی عرب سے غیر قانونی طور پر ہمسایہ ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ، ان افراد کی مدد کرنے والے 15 سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کو سفر، رہائش یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
سعودی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ مملکت میں امن و امان اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert