یکم جنوری سے احتجاجی تحریک شروع کرینگے ‘ کھمبوں سے تاریں اتاری جا رہی ہیں، چیک پوسٹوں پر تذلیل برداشت نہیں، عوام باہر نکلیں: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبہ ، بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے اضلاع میں دانستہ طور پر بجلی کے انفراسٹرکچر کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں بجلی کے متعدد فیڈرز بند کیے جا رہے ہیں، بجلی کے پولز (کھمبوں) سے تاریں اتاری جا رہی ہیں، ٹرانسفارمرز اٹھا لیے گئے ہیں اور بعض علاقوں میں صرف سنگل فیز بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جو عوام کی بنیادی گھریلو اور زرعی ضروریات پوری کرنے سے مکمل طور پر قاصر ہے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے تمام شہروں اور قصبوں میں چیک پوسٹوں کے قیام کے نام پر عوام کی مسلسل تذلیل کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں، بالخصوص ضلع قلعہ سیف اللہ میں پیٹرول کے کاروبار کو زبردستی بند کر کے سینکڑوں افراد کو بے روزگار کیا جا رہا ہے، جو کھلے عام عوام دشمن اور ظالمانہ اقدامات ہیں۔ ان تمام عوام دشمن پالیسیوں اور اقدامات کے خلاف پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام یکم جنوری سے پورے جنوبی پشتونخوا کے مختلف شہروں اور اضلاع میں ایک منظم احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، جس کے تحت جلسے، جلوس اور احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
بیان میں پارٹی کے تمام ضلعی، تحصیل، علاقائی تنظیموں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتجاجی تحریک کے سلسلے میں اپنے اپنے اضلاع میں فوری طور پر بھرپور تیاریوں کا آغاز کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بجلی، روزگار اور انسانی وقار سے متعلق ان اہم اور سنگین مسائل کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی آواز بلند کریں۔

WhatsApp
Get Alert