حکومت مدرسے تو نہیں چلا سکتی مگر پی آئی اے کو 135 ارب میں بیچ رہی ہے:اسٹیبلشمنٹ سیاست سے توبہ کرے، مولانا عبدالواسع


لورالائی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ ہم سیاست کو عبادت جبکہ دیگر جماعتیں اسے کمیشن اور کرپشن کا ذریعہ سمجھتی ہیں، اسلام ہی اس ملک کا نظام ہوگا، سیکولر ازم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی میں مدرسہ مخزن العلوم اور کلی چنالی میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا واسع نے پی آئی اے کی نجکاری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 135 ارب میں ادارے کو بیچ کر حکومت کو صرف 10 ارب ملیں گے جو قابل مذمت ہے، حکومت سرکاری ادارے نہیں چلا سکتی تو اسے حکومت کرنے کا بھی کوئی حق نہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت نجی دینی مدارس کو سرکاری تحویل میں لینا چاہتی ہے جو اس کی خام خیالی ہے۔ جے یو آئی رہنماء نے اسٹیبلشمنٹ کو خبردار کیا کہ وہ سیاست میں مداخلت سے توبہ کریں اور اپنی آئینی ذمہ داری نبھائیں۔ انہوں نے غزہ کے حوالے سے واضح کیا کہ حکومت کو حماس کو غیر مسلح کرنے کیلئے فوج بھیجنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو 8 فروری کے جعلی الیکشن کے خلاف متحد ہونا چاہیے، مناسب وقت پر مولانا فضل الرحمان عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دیں گے۔

WhatsApp
Get Alert