چمن میں بدترین لوڈشیڈنگ پر عوام سڑکوں پر نکل آئے، پشتونخوا میپ کا واپڈا ہاؤس کے سامنے دھرنا
کئی کئی دن بجلی غائب، کاروبار ٹھپ اور پانی ناپید ہے، حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے: قائدین کا خطاب

چمن (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے واپڈا کی ناقص کارکردگی، بدترین لوڈشیڈنگ اور صوبائی حکومت کی بے حسی کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور واپڈا ہاوس کے سامنے دھرنا دیا گیا۔ احتجاجی ریلی تاج روڈ سے شروع ہو کر مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی واپڈا آفس کے سامنے پہنچی جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا۔ احتجاج کی قیادت پشتونخوا میپ کے ضلعی سیکرٹری حاجی جمال خان اچکزئی نے کی جبکہ دیگر رہنماؤں حاجی صلاح الدین خان اچکزئی اور عبدالعلیم پہلوان نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ چمن میں کئی کئی دن بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کاروبار تباہ ہو چکے ہیں اور شہر میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں بجلی نہ ہونے سے امن و امان کی صورتحال بھی سنگین ہو رہی ہے لیکن واپڈا حکام اور صوبائی حکومت خاموش ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے اور کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شرکاء نے اعلان کیا کہ دھرنا آج دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گا۔
