سرفراز بگٹی کا چیف آف بگٹی بننا تاریخ کا سنگ میل ہے، امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا: حیات اچکزئی

وزیراعلیٰ بلوچستان تعلیم یافتہ اور مدبر رہنما ہیں، انکی قیادت پورے صوبے کیلئے باعث فخر ہے: رہنماء پیپلز پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما حیات خان اچکزئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کو بطور چیف آف بگٹی قبائل کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار کیا۔ اپنے تہنیتی بیان میں حیات خان اچکزئی نے کہا کہ میر سرفراز خان بگٹی ایک تعلیم یافتہ، مدبر، امن پسند اور انسانیت دوست رہنما ہیں، جنہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت، بین القبائلی ہم آہنگی اور بلوچستان میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی قیادت نہ صرف بگٹی قبائل بلکہ پورے صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف بگٹی قبائل کا منصب ایک عظیم اور معتبر قبائلی ذمہ داری ہے، جس کے لیے بصیرت، تدبر اور وسیع سوچ کی ضرورت ہوتی ہے، اور میر سرفراز بگٹی ان تمام خوبیوں پر پورا اترتے ہیں۔ آج کا دن بگٹی قبائل کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے پورے خطے میں ترقی، خوشحالی اور امن کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ حیات خان اچکزئی نے امید ظاہر کی کہ میر سرفراز بگٹی اپنی قبائلی و سیاسی قیادت کے ذریعے عوام کے مسائل کے حل، نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیم کے فروغ اور سماجی انصاف و امن کے قیام میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس نئی ذمہ داری میں کامیابی، صحت اور طویل عمر عطا فرمائے اور ان کی قیادت میں بگٹی قبائل اور عوام مزید مضبوط اور متحد ہوں۔

WhatsApp
Get Alert