ترقی کا راستہ نہیں روکا جاسکتا: دہشتگرد عناصر کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، مینا مجید بلوچ


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )بلوچستان کے صوبائی مشیر برائے اسپورٹس و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے اپنے آبائی علاقے مند میں گزشتہ روز دہشتگرد گروہوں کی جانب سے موبائل فون ٹاورز کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے مذمتی بیان میں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ یہ بزدلانہ اور دہشتگردانہ کارروائیاں نہ صرف معاشرتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں بلکہ عام بلوچ عوام کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں سے دہشتگرد عناصر کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، بلکہ عام شہریوں کی روزمرہ زندگی، کمیونیکیشن نظام اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔صوبائی مشیر نے واضح کیا کہ بلوچ عوام اس قسم کے بزدلانہ اقدامات کے خلاف ہر صورت مزاحمت کریں گے اور دہشتگرد عناصر کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔مینا مجید بلوچ نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف فوری اور مثر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کے بنیادی حقوق، مواصلاتی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert