چین نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا، چینی وزیر خارجہ

بیجنگ(قدرت روزنامہ)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ بیجنگ نے خطے میں استحکام قائم رکھنے کے لیے اہم ثالثی کا کردار ادا کیا، جس میں بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے عالمی تجارت میں کشیدگی کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں تعلقات مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وانگ یی نے بیجنگ میں ایک بین الاقوامی تعلقات کے سمپوزیم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال عالمی معیشت کے لیے مشکل رہا اور ٹیرف جنگوں نے بین الاقوامی تجارتی نظام کو متاثر کیا۔ اس صورتحال میں چین استحکام کا ستون ہے۔
انہوں نے امریکا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہے جبکہ ٹکراؤ نقصان دہ ہے۔ انہوں نے امریکا کو خبردار کیا کہ وہ چین کے قومی مفادات میں مداخلت نہ کرے، خاص طور پر تائیوان کے معاملے میں، جہاں امریکہ نے 11 ارب ڈالر کا ہتھیاروں کا پیکج منظور کیا ہے۔
چین نے شمالی میانمار، بھارت و پاکستان، تھائی لینڈ و کمبوڈیا میں تنازعات کے حل میں بھی ثالثی کی کوششیں کی ہیں اور ایران کے ساتھ نیوکلئیر ڈپلومیسی کی حمایت کی ہے۔ وانگ نے اسرائیل-فلسطین تنازع کے حل میں بھی چین کی کوششوں کا ذکر کیا اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی تعاون کا خیرمقدم کیا۔
