بلوچستان میں 2025 کے دوران خواتین پر تشدد میں تشویشناک اضافہ، 123 واقعات رپورٹ

غیرت کے نام پر 33 خواتین اور 25 مرد قتل، ہراسانی اور بلیک میلنگ بھی عروج پر رہی: عورت فاؤنڈیشن رپورٹ


کوئٹہ :غیر سرکاری تنظیم عورت فاؤنڈیشن بلوچستان نے سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق سال 2025 کے دوران صوبے میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال بھر میں خواتین پر تشدد کے مجموعی طور پر 123 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں قتل، غیرت کے نام پر قتل، اغواء، ہراسانی، جنسی زیادتی اور گھریلو تشدد جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔
رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں 65 خواتین اور 25 مرد قتل ہوئے، جن میں سے 33 خواتین اور 25 مردوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جبکہ 2 خواتین نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی۔ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ 5 خواتین کو ہراسانی، 9 کو گھریلو تشدد، 6 کو جنسی زیادتی اور 11 کو اغواء کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب خواتین اور بچوں کے سہولت مرکز (WJFC) کو سال بھر میں 129 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں ہراسانی کے 35، گھریلو تشدد کے 37، گمشدگی کے 4، دھمکیوں کے 4، بلیک میلنگ کے 14، ڈیجیٹل تشدد کا 1 اور مالی فراڈ کے 8 کیسز شامل تھے۔ پولیس کی جانب سے متاثرہ خواتین کو مشاورت اور طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم رپورٹ میں اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ تشدد کے کئی واقعات سماجی دباؤ کے باعث رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے۔

WhatsApp
Get Alert