کسٹم حکام تاجروں کا سامان واپس کریں ورنہ شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی: انجمن تاجران بلوچستان

قانونی سامان ضبط کرنا ناقابل قبول ہے، کسٹم دفتر کے سامنے احتجاج کریں گے: عبدالرحیم کاکڑ کا الٹی میٹم


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبد الرحیم کاکڑ، یاسین مینگل، عبد الخالق آغا اور حضرت علی اچکزئی نے پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی حکومت، ایف سی اور کسٹم حکام کے ناروا اقدامات کے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔پریس کانفرنس کے دوران عبد الرحیم کاکڑ نے کہا کہ کسٹم حکام کی جانب سے تاجروں کے قانونی سامان کو ضبط کر کے تحویل میں لینے کی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور فوری طور پر یہ سامان تاجروں کو واپس کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر سامان واپس نہ کیا گیا تو انجمن آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرے گی اور کسٹم کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاج سمیت بلوچستان بھر میں شٹر ڈان ہڑتال کی کال دی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری کسٹم حکام پر عائد ہوگی۔پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ تاجروں کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور صوبائی حکومت سمیت متعلقہ ادارے تاجروں کی مشکلات کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔ عبد الرحیم کاکڑ نے زور دے کر کہا کہ قانونی سامان کی واپسی اور تاجروں کے حقوق کی بحالی کے بغیر کسی بھی معاملے میں نرم رویہ نہیں اپنایا جائے گا، اور ضروری ہونے پر احتجاجی اور ہڑتال کے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert