فیڈرل لیویز کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے، مراعات دینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے: عبدالرحیم زیارتوال

انضمام کے بعد پنشن اور حقوق سے انکار سمجھ سے بالاتر ہے، وعدے پورے نہ ہوئے تو ساتھ دیں گے: پشتونخوا میپ


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی قیادت میں پارٹی کے وفد نے فیڈرل لیویز کے ہڑتالی کیمپ کا دورہ کر کے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد میں صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صورت خان کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی اور عبداللہ خان شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ فیڈرل لیویز کو صوبائی لیویز میں ضم کرنے کے بعد ان کی پنشن، گریجویٹی اور دیگر مراعات کا تحفظ صوبائی حکومت کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، مگر بدقسمتی سے ضم ہونے کے باوجود فیڈرل لیویز کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل لیویز برٹش بلوچستان کے دور سے وفاق کی نمائندہ فورس رہی ہے، جن کی تنخواہیں، مراعات اور سہولیات مرکز کے تحت فراہم کی جاتی تھیں۔ ضم ہونے کے بعد ان سے وہی فرائض لیے جا رہے ہیں لیکن پنشن اور دیگر قانونی حقوق سے انکار سمجھ سے بالاتر ہے۔رہنماں نے مطالبہ کیا کہ لیویز ایکٹ کے تحت طے شدہ قوانین کے مطابق فیڈرل لیویز کو صوبائی لیویز کے برابر تمام مراعات، پنشن، گریجویٹی اور الانسز دیے جائیں اور اس حوالے سے فوری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی فیڈرل لیویز کے تمام جائز اور قانونی مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اگر حکومت نے اپنے وعدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو پارٹی احتجاجی تحریک میں فیڈرل لیویز کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert