عوام کے مسائل کھلی کچہریوں میں حل ہوں گے، پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی لگائیں: چیف سیکرٹری
صحت اور تعلیم میں خالی آسامیاں پر کی جائیں، مصنوعی مہنگائی برداشت نہیں کریں گے: کمشنرز کانفرنس

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں محکمہ تعلیم اور صحت میں عارضی بنیادوں پر تعیناتیاں، عوام کی کھلی کچہریوں میں فوری مسائل کا حل، پرائس کنٹرول کا مکمل نفاذ، پلاسٹک بیگز پر پابندی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان کی مثبت پروجیکشن پر اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی سید فیصل احمد، سیکرٹری اطلاعات عمران خان، سیکرٹری تعلیم (سکولز) اسفندیار خان جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ مذکورہ محکموں میں عارضی بنیادوں پر تعیناتیاں جلد از جلد پر کی جائیں تاکہ باقی ماندہ غیر فعال سکولز فعال کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد کریں، جہاں عوام کے مسائل جیسے پانی، بجلی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں فوری حل فراہم کیے جائیں۔ عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، کھلی کچہریاں اس ذمہ داری کی ادائیگی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر نظر رکھی جائے اور مارکیٹوں میں مصنوعی قیمتیں نہ چلنے دی جائیں۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال بنائی جائیں اور مہنگائی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ چیف سیکرٹری نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی کا نفاذ یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر خاص زور دیتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہا کہ صوبے بھر کے زیر تعمیر سکول، ہسپتال، سڑکیں اور واٹر سپلائی سمیت تمام سکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان ترقیاتی منصوبوں کی پروجیکشن کا حکم دیا گیا تاکہ عوام تک مثبت تصویریں پہنچائی جائیں اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کیا جائے۔
