بلوچستان میں پرتشدد واقعات ‘ سبی میں بم حملہ، پنجگور میں گھر پر راکٹ باری، جھل مگسی میں فائرنگ، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی :
کوئٹہ میں گیس دھماکوں سے خواتین و بچوں سمیت 6 افراد جھلس گئے، کرنٹ لگنے سے کیسکو اہلکار دم توڑ گیا

کوئٹہ/سبی/پنجگور (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بدامنی، دہشتگردی اور حادثات کے افسوسناک واقعات میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت متعدد زخمی ہو گئے۔ سبی کے مصروف ترین علاقے چینک چوک میں نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک شخص محمد وفا جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے، دھماکے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پنجگور کی تحصیل گوارگو کے علاقے کاٹا گری میں نامعلوم افراد نے رات گئے زاہد نامی شخص کے گھر پر چھوٹے راکٹوں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تین افراد زاہد، حاتم اور سیف اللہ موقع پر جاں بحق جبکہ قدوس زخمی ہو گیا۔ پنجگور ہی کے علاقے بونستان میں سی پیک روڈ پر تیز رفتار کار نے راہگیر باقر علی کو کچل دیا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا، ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
دوسری جانب جھل مگسی میں پرانی دشمنی کی بنا پر موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد اللہ بخش اور عبدالستار کھوسہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس لیکج کے باعث سبزل روڈ اور مسلم اتحاد کالونی میں دو دھماکے ہوئے جن میں خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جبکہ بروری روڈ پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے کیسکو کا لائن مین محمد ایاز جاں بحق ہوگیا۔ متعلقہ انتظامیہ اور پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
