نئے آسمانوں میں نئی اُڑان: پی ٹی سی ایل نے با ضابطہ طور پر ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کا ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان اور اوریون ٹاورز (Orion Towers) کے جاری شدہ سو فیصد حصص کی خریداری کا عمل مکمل کرکے باضابطہ طور پر ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا ہے، جس سے ملک بھر میں ڈیجیٹل با اختیاری اور انقلابی تبدیلی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔
آج سے ٹیلی نار پاکستان اور اوریون ٹاورز، پی ٹی سی ایل کی سو فیصد ملکیتی ذیلی کمپنیوں کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون 4G) اور یو مائیکروفنانس بینک کے شانہ بشانہ پی ٹی سی ایل کا حصہ ہونگے۔ ٹیلی نار پاکستان عبوری مدت کے دوران ایک علیحدہ قانونی ادارے کے طور پر کام جاری رکھے گا۔ ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد پی ٹی ایم ایل اور ٹیلی نار پاکستان کو مستقبل میں ایک مربوط ادارے کی صورت میں آپس میں ضم کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر پی ٹی سی ایل نے پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کی ترقی میں ٹیلی نار اے ایس اے کی خدمات کا برملا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایک کاروباری مقابل اور ساتھی ٹیلی کام ادارے کی حیثیت سے ٹیلی نار نے تقریباً دو دہائیوں تک سروس کا معیار بلند کرنے اور رابطوں کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس سنگِ میل سے دونوں ادارے ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور وسائل کی تکمیل کریں گے، اور ایک ایسا پلیٹ فارم تشکیل دیں گے، جو صارفین کی سہولت پر مرکوز سوچ، وسیع تر رسائی اور تیز رفتار جدت کو فروغ دے گا۔ مستقبل میں پی ٹی ایم ایل (یوفون 4G) اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام سے وجود میں آنے والی کمپنی پاکستان کی ڈیجیٹل امنگوں کی روشنی میں نیٹ ورک صلاحیتوں میں توسیع، اسپیکٹرم وسائل کی بہتر ترتیب، اور صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق محفوظ، مربوط اور ڈیجیٹل طور پر فعال خدمات فراہم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہوگی۔
اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر و سی ای او، پی ٹی سی ایل و یوفون4G، حاتم بامطرف نے کہا، ”یہ پی ٹی سی ایل کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ اور پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ہم صارفین کو باسہولت، بلا تعطل اور اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے پر بھرپور توجہ دیں گے، تاکہ ریگولیٹری منظوریوں کی تکمیل کے بعد مشترکہ صلاحیتوں کے ذریعے وسیع پیمانے پر صارفین کے تجربے کو بہتر بنا سکیں۔ میں اپنے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھیوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں اور انہیں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ تبدیلی لوگوں کے احترام، صلاحیتوں کے تسلسل، اور انڈسٹری کی بہترین روایات پر مؤثر عمل درآمد پر مبنی ہے۔ ہم مل کر ایک مضبوط اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ادارہ قائم کریں گے، جو اپنے صارفین کی بہتر خدمت کرنے، اپنے لوگوں کو بااختیار بنانے اور پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کو آگے بڑھانے کے قابل ہوگا۔“
اس پیش رفت کے بعد پی ٹی سی ایل، یوفون 4G اور ٹیلی نار پاکستان ایک ایسے مستقبل میں داخل ہو رہے ہیں جو جدت سے عبارت اور کاروباری اداروں اور افراد کو بااختیار بنانے کیلئے سازگار ہوگا۔ یہ اتحاد پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم کرے گا، اور لاکھوں افراد کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور خدمات سے جوڑے گا۔ اب جبکہ نئی بلندیوں کی جانب ہمارے سفر کا آغاز ہوچکا ہے، ادارہ صارفین کو بے مثال تجربات فراہم کرنے اور پاکستان بھر میں ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینے کے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھے گا۔

WhatsApp
Get Alert