بلوچستان: تربت اور لورالائی میں خونریز ٹریفک حادثات، کوئٹہ میں گیس دھماکہ، 2 جاں بحق، 15 زخمی


کوئٹہ/تربت/لورالائی (قدرت نیوز ): بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے ڈنک (Dannuk) میں ڈی بلوچ روڈ پر ایک زمیاد گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی میں سوار افراد آگے آنے والی کرولا گاڑی کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ جاں بحق شخص کی شناخت حظیفہ ستار کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں اور لاش کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق یہ تمام افراد آبسر سے دشت پکنک کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ میں گیس لیکج کے باعث گھر میں دھماکہ ہوا جس سے دو بچوں سمیت چار افراد جھلس گئے۔ پولیس کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ کے علاقے کاسی قلعہ میں واقع ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو بچوں اور ایک عورت سمیت چار افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ادھر لورالائی میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ۔ پولیس حکام کے مطابق لورالائی میں ڈیرہ روڈ پر کلی چمازہ کے مقام پر راڑہ شم فاتحہ کے لیے جانے والی کار اور ٹرک کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا اور مزید کارروائی جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert