چمن: اقوام متحدہ کے مزید 11 امدادی کنٹینرز بارڈر پہنچ گئے، افغانستان روانگی کا انتظار

چمن(ڈیلی قدرت کوئٹہ) افغانستان میں غذائی قلت اور ادویات کی کمی کے پیش نظر اقوام متحدہ کے مزید 11 امدادی کنٹینرز آج چمن بارڈر پہنچ گئے، جس کے ساتھ مجموعی تعداد 25 کنٹینرز ہو گئی ہے۔ یہ کنٹینرز بسکٹ اور دیگر ضروری خوراکی اشیا سے بھرے ہوئے ہیں اور افغان حکام کی اجازت ملتے ہی افغانستان کو روانہ کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق پاک افغانستان بارڈر چمن گزشتہ 3 ماہ سے بند تھا، جس کی وجہ سے افغانستان میں خوردنی اشیا اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی۔ اقوام متحدہ کی درخواست پر پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چمن اور طور خم بارڈرز سے کنٹینرز کے داخلے کی اجازت دی تھی۔اقوام متحدہ کے اہلکار افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ دو دن کے اندر تمام کنٹینرز کو افغانستان میں داخل ہونے کی اجازت مل جائے گی۔ عالمی ادارے نے اس اقدام کو افغان عوام کے لیے غذائی قلت سے بچا اور پاکستان کی انسانی ہمدردی کے عملی مظاہرے کے طور پر سراہا ہے۔
