بھٹو شہید نے عوام کو شعور دیا، پی پی پی ان کے مشن کی وارث ہے: میر لیاقت لہڑی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) رکن بلوچستان اسمبلی پیپلز پارٹی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے عام آدمی کو اقتدار میں شریک کر کے عوامی حکمرانی کی بنیاد رکھی اور ملک کو ایک متفقہ آئین دیا۔ میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ شہید بھٹو نے مزدور، کسان، طلبہ اور پسماندہ طبقات کو سیاسی شعور اور اعتماد دیا، جس کی بدولت عوام نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا سیکھا۔ 1973 کا آئین، اسلامی دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا اور قومی خودداری پر مبنی خارجہ پالیسی شہید بھٹو کی دور اندیش قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے کی حقیقی وارث ہے اور آج بھی عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے جمہوریت کی بحالی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ میر لیاقت لہڑی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے شکر گزار ہیں جنہوں نے صوبوں کے حقوق کو آئینی تحفظ دیا اور وفاقی نظام کو مضبوط بنایا۔ آج بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل اور عوامی نمائندگی کا تسلسل بھٹو شہید کے اسی فلسفے کا نتیجہ ہے۔ میر لیاقت لہڑی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھٹو شہید کے افکار و نظریات کی روشنی میں بلوچستان کے عوام کی خدمت، بہتر ٹرانسپورٹ نظام، عوامی سہولیات اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور قائدِ عوام کے مشن کو ہر سطح پر آگے بڑھایا جائے گا۔
