سریاب: بجلی چوروں نے اندھیر مچا دیا، 77 لاکھ روپے کی تاریں اور کھمبے غائب، ہزاروں میٹر کیبل چوری، مقدمہ درج

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) سریاب کے علاقے میں بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں مختلف فیڈرز سے ہزاروں میٹر بجلی کے تار اور قیمتی سامان چوری کر لیا گیا۔ سریاب الیکٹرک ڈویژن کے سب ڈویژنل آفیسر صدام حسین اوری کی جانب سے تھانہ نیو سریاب کوئٹہ میں درج کرائی گئی رپورٹ کے مطابق 31 دسمبر 2025 کو خریل گرڈ اسٹیشن سے اطلاع موصول ہوئی کہ متعلقہ فیڈرز لوڈشیڈنگ کے باعث بند تھے۔اطلاع پر لائن سپرنٹنڈنٹ واجد خان نے عملے کے ہمراہ موقع پر معائنہ کیا، جہاں انکشاف ہوا کہ انڈسٹریل گرڈ اسٹیشن کے سامنے میدانی علاقے میں سات کھمبوں سے بارہ اسپینز پر مشتمل تقریبا 3600 میٹر بجلی کی تار چوری کر لی گئی ہے جبکہ پی سی سی کھمبے بھی توڑ دیے گئے ہیں۔ اسی طرح 11 کے وی نیو میاں منڈی فیڈر سے 1800 میٹر تار کاٹ کر لے جایا گیا اور ایک اسٹیل کھمبا بھی توڑ دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 11 کے وی واسا فیڈر سے بھی چھ کھمبوں کے درمیان نصب تار اور متعلقہ سامان چوری ہوا ہے۔ مجموعی طور پر چوری کیے گئے سامان کی مالیت 77 لاکھ 17 ہزار 400 روپے بتائی گئی ہے۔ سب ڈویژنل آفیسر نے واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
