گوادر کو پانی کی فراہمی اور ٹرالر مافیا کا خاتمہ ناگزیر ہے، مولانا ہدایت الرحمان کی وزیراعلیٰ سے اہم ملاقات


گوادر(ڈیلی قدرت کوئٹہ) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیررکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز علی بگٹی سے وزیراعلی آفس کوئٹہ میں اہم ملاقات کی، جس میں ضلع گوادر کو درپیش سنگین عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گوادر کے سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالر مافیا کی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرالر فشنگ کے باعث مقامی ماہیگیروں کا روزگار شدید متاثر ہو رہا ہے، جس کی فوری اور مثر روک تھام ناگزیر ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گوادر میں پانی کے شدید بحران کا مسئلہ بھی اٹھایا اور میرانی ڈیم سے بذریعہ پائپ لائن گوادر کو منسلک کرنے کے منصوبے میں تیزی لانے پر زور دیا تاکہ شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی مستقل فراہمی ممکن ہو سکے۔ملاقات میں ماہیگیروں کے لیے ماہیگیر کارڈ کے اجرا، صحت کے شعبے میں سہولیات کی بہتری، پسنی فش ہاربر کی بحالی و فعالی، عمانی گرانٹ سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور گوادر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جیڈا) کے ملازمین کی مستقلی کے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز علی بگٹی نے ایم پی اے گوادر کی جانب سے پیش کیے گئے تمام نکات کو غور سے سنا، متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

WhatsApp
Get Alert