تربت: اغواء برائے تاوان کی وارداتیں بڑھ گئیں، شہریوں کا صبر جواب دے گیا، 7 جنوری کو شٹر ڈاؤن کی کال ، احتجاجی مظاہرے سے ڈاکٹر مالک بلوچ کا خطاب ‘ مغویوں کی رہائی کا مطالبہ

تربت(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے شہر تربت میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بڑھتے ہوئے اغوا برائے تاوان کے واقعات کے خلاف آل پارٹیز کیچ کے زیرِاہتمام احتجاجی ریلی اور مرکزی چوک پر جلسہ منعقد کیا گیا۔ احتجاجی ریلی آپسر بازار سے نکالی گئی جو تربت پریس کلب سے ہوتی ہوئی شہید فدا چوک پہنچی جہاں ریلی احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلی بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ضلع کیچ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے مغویان حسیب ولد حاجی یاسین اور شاہ نواز ولد گل جان کو فوری اور باحفاظت بازیاب کرائیں۔ انکے بچوں کے رہائی کے بدلے اغوا کار کروڑوں روپے مانگ رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ کیچ کو ایک بار پھر بدامنی کی طرف دھکیلنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، تاہم کیچ کے باشعور عوام ایسی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے متاثرہ خاندانوں کے ہمراہ تمام متعلقہ اداروں سے رجوع کیا گیا مگر ہر ادارہ دوسرے پر ذمہ داری عائد کر رہا ہے حالانکہ عوام کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ آل پارٹیز کیچ کے کنوینر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نواب خان شمبے زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی ریلی کا مقصد کیچ میں حالیہ اغوا برائے تاوان کے واقعات کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مغویان کو فوری بازیاب نہ کرایا گیا تو 7 جنوری کو تربت میں شٹر ڈان ہڑتال کی جائے گی۔ جلسے سے کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ سید مجید شاہ، سابق نگران صوبائی وزیر میر غفور احمد بزنجو، سابق سینیٹر اسماعیل بلیدی، بی این پی عوامی کے مرکزی نائب صدر کامریڈ ظریف زدگ، بی این پی کے رہنما ڈاکٹر غفور بلوچ، جمعیت علما اسلام کیچ کے مولانا عبدالحفیظ مینگل، مرکزی جمعیت اہل حدیث کیچ کے امیر مولانا سعید احمد تگرانی، جماعت اسلامی کیچ کے امیر غلام یاسین بلوچ، بی ایس او پجار کے چیئرمین بوہیر صالح ایڈووکیٹ سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماں نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی جلسے میں سیاسی جماعتوں کے رہنماں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن، کیچ بار ایسوسی ایشن، بلوچستان بار کونسل اور مکران بار کونسل کے وکلا، متاثرہ خاندانوں سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ جلسے کی نظامت آل پارٹیز کیچ کے سابق کنوینر خلیل تگرانی نے کی، جبکہ ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے عوام نے ریلی میں بھرپور شرکت کی۔
