وینزویلا پر امریکی حملہ کھلی دہشتگردی ہے، اقوام متحدہ نوٹس لے: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک مذمتی بیان میں آزاد اور انقلابی ملک وینزویلا پر عالمی سامراج کے سرغنہ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر کی جانے والی کھلی جارحیت اور دہشت گردانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جارحانہ کارروائی کے دوران وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو اغوا کرنا ایک سنگین بین الاقوامی جرم ہے جو عالمی قوانین، انسانی حقوق اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ وینزویلا پر سامراجی امریکہ کا یہ وحشیانہ اور غیر انسانی حملہ دراصل صرف ایک ملک پر حملہ نہیں بلکہ دنیا بھر میں قومی آزادی، جمہوریت، سماجی انصاف، امن اور ترقی کے لیے چلنے والی تمام تحریکوں پر حملے کے مترادف ہے۔ یہ سامراجی طاقتیں آزاد اور خودمختار ممالک کو اپنے معاشی، سیاسی اور عسکری مفادات کے لیے نشانہ بنا رہی ہیں، جو پوری انسانیت کے لیے خطرناک رجحان ہے۔ پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوامِ عالم کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ اگر ماضی کی طرح سوویت یونین کی قیادت میں سوشلسٹ بلاک موجود رہتا، جو دنیا کے محکوم اور مستعمرہ ممالک کی قومی آزادی کی تحریکوں اور عالمی محنت کش طبقے کی جدوجہد کا مضبوط محاذ تھا، تو سامراجی امریکہ کو آزاد ملک وینزویلا پر اس قسم کی ننگی جارحیت کرنے کی جرت ہرگز نہ ہوتی۔ بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آج دنیا کی بدقسمتی یہ ہے کہ انقلابی ممالک، قومی آزادی کی تحریکوں اور محنت کشوں کی عالمی تحریکوں کے درمیان اتحاد و اتفاق پر مبنی کوئی مثر عالمی محاذ موجود نہیں۔ اسی وجہ سے سامراجی امریکہ آزاد ممالک پر جارحانہ حملے کرنے، کمزور اقوام کی دولت، تیل اور دیگر قدرتی وسائل پر قبضہ جمانے جیسے ناروا اور ظالمانہ اقدامات بلا روک ٹوک جاری رکھے ہوئے ہے، اور اسے عالمی سطح پر کھلی آزادی حاصل ہے۔ آخر میں بیان کے ذریعے اقوامِ متحدہ سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ امریکی جارحیت کے خلاف فوری اور مثر عالمی اقدامات اٹھائے، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے، اور دنیا بھر میں آزادی، امن، جمہوریت اور انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والی قوتوں کو متحد کرے تاکہ سامراجی جارحیت کا راستہ روکا جا سکے اور عالمی امن کو محفوظ بنایا جا سکے۔
