حیران کن سرجری، نوجوان کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور2 لوہے کے رینچ نکل آئیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کے شہر جے پور کے ایک نجی اسپتال میں ایک چونکا دینے والا اور نایاب طبی واقعہ پیش آیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کے معدے سے روزمرہ استعمال کی خطرناک اور غیر معمولی اشیا نکال کر اس کی جان بچا لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ نوجوان گزشتہ پانچ روز سے شدید پیٹ درد میں مبتلا تھا، جس کے باعث اہلِ خانہ نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ مریض کی حالت تشویشناک ہونے پر ڈاکٹروں نے مختلف طبی معائنے اور سونوگرافی کروائی، جس میں معدے کے اندر سخت اور نوکیلی اشیا کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
اسپتال کے سینئر سرجن کے مطابق یہ اشیا معدے کی اندرونی دیوار تک پہنچ چکی تھیں اور کسی بھی وقت جان لیوا پیچیدگی پیدا ہو سکتی تھی، جس کے پیش نظر فوری سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔
دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس پیچیدہ آپریشن کے دوران ڈاکٹروں نے نوجوان کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور2 لوہے کے رینچ احتیاط سے نکالے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نوجوان ذہنی مسائل کا شکار ہے اور عادتاً ایسی اشیا نگل لیتا تھا جو کھانے کے قابل نہیں ہوتیں۔ سرجری کے بعد مریض کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے اور اسے مزید علاج کے ساتھ نفسیاتی نگرانی میں رکھا گیا ہے
