انصاف اور انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے رکشہ جلانے والے ڈرائیور کو گلے لگا لیا، نئے رکشے کیلئے رقم دیدی، پولیس اہلکار معطل


کوئٹ(قدرت روزنامہ)انصاف اور انسانی ہمدردی کی ایک نمایاں مثال قائم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رکشہ ڈرائیور عبدالنبی مینگل کو گلے سے لگا لیا نئے رکشہ کی خریداری کے لئے مالی معاونت فراہم کی جبکہ ناروا روئیے میں ملوث پولیس اہلکار کو معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا

بدھ کو وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے رکشہ ڈرائیور عبدالنبی مینگل کی داد رسی کرتے ہوئے اسے گلے لگا کر دلاسہ دیا اور پیشانی پر بوسہ دیتے ہوئے اس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ نے متاثرہ رکشہ ڈرائیور کے معاشی نقصان کے ازالے کے لیے نئے رکشے کی خریداری کی خاطر فوری مالی معاونت فراہم کی یہ ملاقات کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ پر پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے بعد عمل میں آئی، جہاں ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کے ناروا رویے سے دلبرداشتہ ہو کر رکشہ ڈرائیور نے شدید ذہنی دباؤ کے عالم میں اپنے رکشے کو آگ لگا دی تھی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ٹریفک پولیس اہلکار کو فوری طور پر معطل کرنے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے ساتھ بدسلوکی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کی خدمت اور ان کے وقار کے محافظ ہیں اور اگر کوئی اہلکار اپنے فرائض سے انحراف کرے تو اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان محنت کش اور کمزور طبقے کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے

WhatsApp
Get Alert