لسبیلہ: لاکھوں مالیت کی بکریاں ہلاک، پراسرار بیماری نے مالداروں کی نیندیں اڑا دیں، محکمہ لائیو سٹاک غائب

اوتھل(ڈیلی قدرت کوئٹہ) لسبیلہ کی تحصیل لاکھڑا کے مختلف دیہی علاقوں میں بکریوں میں ایک خطرناک اور متعدی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے باعث درجنوں جانور ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ غریب مالداروں کو لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا ہے۔مقامی مالداروں کے مطابق متاثرہ بکریوں میں منہ سے جھاگ آنا، گردن کا ٹیڑھا ہو جانا، جسم اور اندرونی اعضا پر زخم، شدید کمزوری اور اچانک اموات جیسی علامات پائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیماری کے باوجود ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک افسر اور متعلقہ عملہ تاحال خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق متاثرہ علاقوں میں نہ تو احتیاطی اسپرے کیا گیا ہے اور نہ ہی ویکسین یا ادویات کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے، جس کے باعث بیماری کے مزید پھیلنے کا شدید خدشہ ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مویشی پالنا ہی ان کا واحد ذریعہ معاش ہے اور بکریوں کی مسلسل اموات نے غریب خاندانوں کو معاشی بدحالی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔سماجی و عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ، ڈائریکٹر لائیوسٹاک بلوچستان اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر لائیوسٹاک ٹیمیں روانہ کی جائیں، بیماری کی تشخیص کے بعد ویکسین، ادویات اور اسپرے کا فوری انتظام کیا جائے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔
